کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر میں ٹائر جلانے اور پائرو لائسز پلانٹس کے آپریشن پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔
یہ اہم فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔
سیکریٹری ماحولیات زبیر چنہ کے مطابق ٹائر جلانے اور ناقص پائرو لائسز پلانٹس سے فضا، مٹی اور پانی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ ان سرگرمیوں کے باعث سانس، دل اور اعصابی امراض میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی خطرناک سطح تک پہنچ چکی ہے۔
زبیر چنہ نے بتایا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے سندھ حکومت نے ایسے تمام پلانٹس فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
