حج 2025 کے لیے پرائیویٹ اسکیم کے تحت بکنگ سست روی کا شکار ہے، جس کے باعث ہزاروں عازمین کے حج سے محروم رہ جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے صورتِ حال کا نوٹس لیتے ہوئے پرائیویٹ حج آپریٹرز کو فوری طور پر بکنگ میں تیزی لانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے پرائیویٹ حج آپریٹرز سے ملاقات کے دوران ہدایت کی کہ آئندہ سات دنوں میں کم از کم 20 ہزار عازمین کی بکنگ مکمل کی جائے اور اس مقصد کے لیے عوامی آگاہی مہم بھی فوری طور پر شروع کی جائے۔
ذرائع کے مطابق پرائیویٹ حج آپریٹرز نے اب تک صرف 20 ہزار کے قریب بکنگ مکمل کی ہے، جب کہ بکنگ کی آخری تاریخ 17 اکتوبر ہے اور صرف 7 دن باقی رہ گئے ہیں۔
وزارت مذہبی امور پہلے ہی پرائیویٹ آپریٹرز کو تحریری ہدایت جاری کر چکی ہے۔
