ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ دورۂ ملائیشیا کے دوران دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کئی اہم معاہدے اور بات چیت کی۔
دورے میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق، ملائیشیا کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو اعزازی ڈگری سے نوازا گیا، جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات کا مظہر ہے۔
فریقین نے باہمی تعلقات کے ساتھ ساتھ عالمی امور پر بھی مشاورت کی، خاص طور پر مسئلہ فلسطین پر دونوں رہنماؤں نے مشترکہ حمایت کا اعادہ کیا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان القدس شریف کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے مؤقف پر قائم ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی فلسطینی عوام کے حق میں پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں دونوں ممالک نے خطے میں امن اور برادرانہ تعلقات پر گفتگو کی۔
