جسٹس جہانگیری کو کام سے روکنے کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے بنچ کے آرڈر کا دفاع نہ اٹارنی جنرل اور نہ ہی مرکزی درخواست گزار کی جانب سے کیا گیا
سپریم کورٹ نے اپیل منظور کرتے ہوئے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو کام سے روکنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے فیصلے کے خلاف جسٹس طارق محمود جہانگیری کو سپریم کورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا جہاں جسٹس طارق محمود جہانگیری کو کام سے روکنے کا عبوری حکم نامہ کالعدم قرار دے دیا گیا اور آئینی بنچ نے جسٹس ڈوگر کے فیصلے کے خلاف جسٹس طارق جہانگیری کی اپیل منظور کرلی۔بتایا گیا ہے کہ جسٹس جہانگیری کو کام سے روکنے کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے بنچ کے آرڈر کا دفاع نہ اٹارنی جنرل اور نہ ہی مرکزی درخواست گزار کی جانب سے کیا گیا، سپریم کورٹ میں دوران سماعت اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ ’جسٹس ڈوگر بنچ ایسا آرڈر نہیں کر سکتا تھا‘، جسٹس طارق جہانگیری کیخلاف مرکزی درخواست گزار میاں داؤد ایڈووکیٹ نے بھی اٹارنی جنرل کے موقف سے اتفاق کیا۔
